الہ آباد،31؍مارچ(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں بھارت رتن بابا صاحب بھیم راو امبیڈ کر کے نام میں رام جی جوڑے جانے پر تنازعہ کے دوران دو مقامات پر ان کے مجسمے توڑے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ پہلا معاملہ الہ آباد کا ہے جہاں شانتی پورم علاقہ میں بھیم راو امبیڈ کر کا مجسمہ توڑا گیا جس کے بعد سے پورے علاقہ میں تناو اک ماحول ہے۔مجسمہ توڑے جانے کے بعد مجرموں کے خلاف کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے پھول پور لوک سبھا سیٹ سے حال ہی میں کامیاب ہوئے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ناگیندر پٹیل دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔دوسرا معاملہ سدھارتھ نگر ضلع کا ہے جہاں ڈومریا گنج کے گاوں گوہنیا میں دیر رات سماج دشمن عناصر نے امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ کے لوگوں میں کافی غم وغصہ ہے۔اتر پردیش میں امبیڈ کر کے مجسمہ کو توڑے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل اتر پردیش کے وزیر اعلی نے بہت سختی سے کہا تھا کہ مجسمہ کو نقصان پہنچانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔تریپورہ انتخابات کے نتائج کے بعد مجسمے توڑنے اور ان کی بے حرمتی کرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اب مجسمہ توڑے جانے کی خبریں آئے دن آتی ہی رہتی ہیں لیکن حکومت اس مسئلہ کے تیءں سنجیدہ نہیں ہے۔